منگل 17 نومبر 2026 - 11:12
آیت اللہ اعرافی کی بوسنیا و ہرزیگووینا کے نئے رئیس العلماء کی باضابطہ تقرری کی تقریب میں شرکت

حوزہ / آیت اللہ علی رضا اعرافی ان دنوں بوسنیا و ہرزیگووینا کے نومنتخب رئیس العلماء شیخ نجاد گرابوس کی باضابطہ تقرری کی تقریب میں شرکت کے لیے ان کی دعوت پر بوسنیا کے دورہ پر ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدیر حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ اعرافی کو بوسنیا و ہرزیگووینا کے نومنتخب رئیس العلماء شیخ نجاد گرابوس نے اپنی باضابطہ تقرری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی، جس پر مدیر حوزہ علمیہ ایران نے اس ملک کا دورہ کیا۔
یہ تقریب ہر سات سال بعد منعقد ہوتی ہے اور بوسنیا و ہرزیگووینا کا اہم ترین دینی اجتماع شمار ہوتی ہے۔ اس میں ملک کی اعلیٰ سیاسی، ثقافتی اور مذہبی شخصیات شرکت کرتی ہیں۔ جن میں صدرِ مملکت، پارلیمنٹ کے سربراہ اور دیگر اہم عہدیداران کے علاوہ بین الاقوامی مذہبی شخصیات بھی شامل ہوتی ہیں۔ اس موقع پر اسلامی کمیونٹی کے منتخب رئیس العلماء کو باضابطہ طور پر منصب کی ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں۔

آیت اللہ اعرافی کی بوسنیا و ہرزیگووینا کے نئے رئیس العلماء کی باضابطہ تقرری کی تقریب میں شرکت


تقریب کے دوران بوسنیا و ہرزیگووینا کے نئے رئیس العلماء شیخ نجاد گرابوس کا باضابطہ تعارف کرایا گیا۔ وہ اس سے قبل سلووینیا کے مفتی اور دارالحکومت سرائیوو کے مفتی کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ اس موقع پر سابق رئیس العلماء شیخ حسین کاوازووچ کی خدمات کو بھی سراہا گیا اور ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
شیخ نجاد گرابوس کا علمی و دینی پس منظر
شیخ نجاد گرابوس نے سرائیوو کی فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز سے اسلامی علوم میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور اسلامی فلسفہ میں بھی تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے مصر، ناروے اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں متعدد تعلیمی و تخصصی کورسز مکمل کیے ہیں۔
وہ یورپی مذہبی قیادت کونسل کے رکن، امریکہ میں قائم عالمی تنظیم ’’مذاہب برائے امن‘‘ کے نائب اور ویانا میں قائم مذہبی رہنماؤں کی کونسل کے شریک سربراہ بھی ہیں۔

آیت اللہ اعرافی کی بوسنیا و ہرزیگووینا کے نئے رئیس العلماء کی باضابطہ تقرری کی تقریب میں شرکت


شیخ نجاد گرابوس اکتوبر 2026ء میں اسلامی کمیونٹی کے انتخابات میں اکثریتِ آرا حاصل کر کے رئیس العلماء منتخب ہوئے۔
انہوں نے ایک باضابطہ تقریب میں اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کیا جسے ’’تقریبِ اعطائے منشور‘‘ کا نام دیا جاتا ہے۔ اس تقریب کی روایت سلطنتِ عثمانیہ کے دور سے چلی آ رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بوسنیا و ہرزیگووینا بلقان اور یورپ کا ایک مسلم اکثریتی ملک ہے اور عالمِ اسلام میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ یوگوسلاویہ کے انہدام اور 1990ء کی دہائی کے اوائل میں خانہ جنگی کے بعد آزادی حاصل کرنے والے اس ملک کو جمہوریہ اسلامی ایران کی خارجہ پالیسی میں بھی نمایاں اہمیت حاصل ہوئی۔
بوسنیا میں امن و سلامتی کے قیام اور عوامی زندگیوں کے تحفظ کے لیے جمہوریہ اسلامی ایران کی جانب سے فراہم کی جانے والی انسانی ہمدردی کی امداد کو بوسنیا کے حکام اور شہریوں نے ہمیشہ سراہا اور اس پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha